محکمہ انسداد دہشت گردی نے لاہور سے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر کے خودکش جیکٹ اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کر لیے۔ سی ٹی ڈی نے گجرات سے بھی 2دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع پر لاہور میں سگیاں پل کے قریب ابوبکر روڈ پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران 3دہشت گردوں شیر علی، ابراہیم اور عزیز اللہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے خود کش جیکٹ اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کر لیے گئے۔
گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبات کے جماعت الاحرار گروپ سے ہے اور تینوں نے افغانستان سے تربیت حاصل کی۔
وہ کے پی کے، فاٹا اور پنجاب میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث رہےاور سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گرد لاہور میں بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی نے گجرات میں بھی ایک کارروائی کے دوران دو دہشت گردوں طارق اور انعام الحق کو گرفتار کر لیا، جن کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع پر گجرات کے جنرل بس اسٹینڈ پر کارروائی کی گئی، جہاں سے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار دہشت گرد شہر کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، اسلحہ اور الیکٹرانک ڈیوائسز برآمد ہوئی ہیں۔