• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوڈشیڈنگ، پانی کا بحران، کراچی میں دوسرے روز بھی شدید احتجاج، ٹریفک درہم برہم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)رمضان المبار ک کے دوران بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش اور پانی کے بحران پر جمعرات کو بھی شہر کے مختلف علاقوں میں شدید احتجاج کیا گیا ،متعدد علاقوں میںدفاتراورپمپنگ اسٹیشنوں پر حملے‘توڑپھوڑ‘آگ لگانے کی کوشش‘بجلی کے پینل اور بورڈاکھاڑدیئے ‘عملے پر تشدد ‘مشتعل مظاہرین نے خواجہ اجمیر نگری میں گرڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کرکے ہنگامہ کیا‘ گڈاپ میں مشتعل مظاہرین نے دفتر پر پتھراؤ بھی کیا‘دوسری جانب احتجاج کے باعث شہرمیں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ‘ شدید گرمی میںہزاروں شہری گھنٹوں ٹریفک جام کی اذیت میں مبتلا رہے۔تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان  کے دوران بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش اور پانی کے بحران پرگلستان جوہر ،ناظم آباد،فیوچر کالونی ،ناتھا خان ،خواجہ اجمیر نگری ،نارتھ کراچی ،نیو کراچی ،سرجانی ،گڈاپ ،محمود آباد ،منظور کالونی ،قیوم آباد ،کاز وے ، ایکسپریس وے ،مہران ٹاؤن ،اورنگی ٹاؤن ،بلدیہ ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر ٹائر جلا ئے اورمتعلقہ محکمے کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔ دریں  اثناء واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث جمعرات کے روز کراچی کے شہریوں کو 65سے 70   ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا گیا جس پرمشتعل افراد نے واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوںپر حملے کئے اورانہیں آگ لگانے کی کوشش کی‘ مشتعل افراد نے  بجلی کے بورڈ اور پینل کو اکھاڑ دیا ، عملے پر تشدد بھی کیا گیا ،ترجمان واٹربورڈنے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ  واٹربورڈ کے عملے سے تعاون کریں ‘بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پانی کی معمول کے مطابق فراہمی میں دقت کا سامنا ہے ،شہری صبر سے کام لیں ‘ جنریٹروں کی مدد سے پانی کی فراہمی کی کوششیں کی جارہی ہیں‘ شہری پمپنگ اسٹیشنز اور تنصیبات کو نقصان پہنچائیں نہ پمپنگ شیڈول میں مداخلت کریں ،دونوں صورت میں پانی کی فراہمی مزید متاثر ہوگی ‘ترجمان واٹربورڈ کے جاری اعلامیہ میں کہا ہے کہ جمعرات کوبھی واٹربورڈ کی تنصیبات خصوصاً پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کے بریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہا ،دھابیجی ،نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن پر وولٹیج میں اتار چڑھاؤ کے واقعات بھی رونما ہوئے ،کورنگی لانڈھی اور  فیوچرکالونی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو معمول کے مطابق پانی کی فراہمی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے خواتین ،بچوں اور مردوں سمیت مشتعل افراد کے ایک جلوس نے کورنگی ساڑھے پانچ نمبر پر  واقع پمپنگ اسٹیشن پر حملہ کردیا اور پمپنگ اسٹیشن  میں گھس کر توڑ پھوڑ کی‘بجلی کے بورڈ اور پینل اکھاڑ دیئے گئے جبکہ عملے کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا  جبکہ پمپنگ اسٹیشن کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی گئی‘ جمعرات کو  لانڈھی میں 8،کورنگی میں8اور شاہ فیصل کالونی میں7ملین گیلن کم پانی فراہم کیا گیا ، اسی ہی طرح لیاری کے علاقے شاہ بیگ لائن ، لی مارکیٹ ، گل بیگ لائن ، موسیٰ لائین ،کھڈا اور دیگر میں باربار کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے3 ملین گیلن پانی پمپ نہیں کیا جاسکا ہے ،مشتعل افراد نے لی مارکیٹ پمپنگ اسٹیشن پر جمعرات کو بھی احتجاج کیا اور عملے سےتلخ کلامی کی جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی میں مزید دقت پیش آئی ہے۔
تازہ ترین