کراچی (جنگ نیوز) جیو ٹی وی کی ”دِل دِل رمضان“ نشریات میں پانچویں روز انتہائی تکلیف ، درد اور ذہنی کرب میں مبتلا تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تاکہ ماہ مقدس کے اِن برکتوں بھرے ایام میں اِن بچوں کو بھی خوشیاں دی جاسکیں۔ اس موقع پر کاشف اقبال تھیلیسمیا فاؤنڈیشن کے سربراہ محمد اقبال بھی خصوصی طور پر تشریف لائے۔ مرض میں مبتلا بچوں کی حالت اور بے بسی کی داستانیں سن کر حاضرین بھی اشکبار ہوگئے۔ بچوں نے عید کی خوشیاں منانے کیلئے عوام سے اپیل کی کہ وہ خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دیں۔ میزبان نعمان اعجاز اور بشریٰ انصاری نے ادارے کیلئے فنڈز بھی اکٹھے کئے۔ شہید امجد صابری کے صاحبزادے مجدد صابری بھی مہمان بنے ۔ تفصیلات کے مطابق خواتین کیلئے پہلی بار متعارف کرایا گیا ”عالمہ آن لائن“ اس وقت خواتین میں سب سے زیادہ پسند کیا جارہا ہے جس میں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی خاتون بلاجھجھک اپنے سوالات پوچھ کر مطمئن ہورہی ہیں۔ شو کے دوران خواتین عالماؤں نے ”ماں“ کے موضوع پر دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے عوام کو والدین کی فرمانبرداری کے حوالے سے خصوصی تلقین کی۔ ٹیلیفون کالرز اور حاضرین نے بھی اس شو میں شریک ہوکر دینی سوالات اور اپنی مشکلات کے حل کیلئے وظائف پوچھے سیگمنٹ کی میزبان معروف مذہبی اسکالر فرحانہ اویس تھیں۔ ”آؤ مدینے چلیں“ میں ننھے قوالوں نے اپنے کلام سے پھر سب لوگوں کو جھومنے پر مجبور کردیا۔ نعمان اعجاز ایک بار پھر حوصلہ افزائی کیلئے اِن ننھے قوالوں کے درمیان بیٹھے۔ قوالی کا اختتام ہوا تو بذریعہ قرعہ اندازی خاتون شازیہ ، بچی فبیہ ، ایک اور بچی خدیجہ اور نوجوان رحمان کو ایک ایک عمرے کا ٹکٹ دیا گیا۔ لذیذ پکوانوں کا سیگمنٹ ”کچن میں کیا ہے“ میں شیف ثمینہ نے پزا فرائس، پینا کلاڈا اور فوڈ کریم بنائی۔ ”وایاک نستعین“ میں حکمت اور طب نبوی پر عبور رکھنے والے شیخ طارق شازلی نے ٹیلیفون کالرز اور حاضرین کو وظائف بتائے۔ ”عالم آن لائن“ میں ممتاز علمائے کرام نے ”مال“ کے موضوع پر قرآن و حدیث کی روشنی میں گفتگو کی۔ امین شہیدی، ڈاکٹر عامر عبداللہ، عبدالشکور حقانی اور علامہ شاہ حسین گردیزی سے حاضرین نے اپنے سوالات کئے۔ تسلیم احمد صابری نے اِن دونوں سیگمنٹس کی میزبانی کی۔ شہید امجد صابری کے صاحبزادے مجدد صابری کا کہنا تھا کہ والد کی وجہ سے ہر جگہ جو عزت ملتی ہے اس پر ہم میڈیا سمیت تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں۔ ایک سال کے بچے سے لیکر 105 سال کے بزرگ تک سب یہی کہتے ہیں کہ امجد صابری سب سے زیادہ ہمیں پیار کرتا تھا۔ میری دوبہنیں آج بھی اس بات پر جھگڑتی ہیں کہ بابا سب سے زیادہ مجھے پیار کرتھے، میرے والد کہا کرتے تھے کہ میری ایک آنکھ ایک بیٹی ہے اور دوسری آنکھ دوسری بیٹی۔ امجد صابری کے بیٹے کا مزید کہنا تھا کہ جو اس دُنیا میں آیا ہے اُسے جانا ہی ہے۔ والد نصیحت کرکے گئے تھے کہ انتقال کے بعد میری برسی نہیں عرس کرنا کیونکہ میں سب کا پیر ہوں۔ اپنے والد کا نام روشن کرنے کی کوشش کروں گا۔ کوئز شو ”رب زدنی علمائ“ میں ”رجب، شعبان اور رمضان“ نامی تین ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ مختلف راؤنڈز پر مشتمل کوئز شو میں ”شعبان “ کی ٹیم فتح حاصل کرکے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرگئی۔ نعمان اعجاز اور بشریٰ انصاری نے فاتح ٹیم کی ڈاکٹر سعدیہ اور اُن کے والد سید محمد ظفر حسین کو مبارکباد دی۔ رمضان المبارک کی منظر کشی کیلئے ”کمال فن “ میں حصہ لینے والوں نے انتہائی دلکش تصاویر بنائیں ۔ فاریہ یہ مقابلہ جیتی۔ سیگمنٹ ”فی سبیل اللہ“ میں تھیلیسمیا فاؤنڈیشن کے بانی محمد اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس خدمت کیلئے خدا نے اربوں لوگوں میں سے میرا انتخاب کیا ہے۔ اپنے بچے کی تکلیف اور موت دیکھ چکا ہوں، نہیں چاہتا کسی اور کا بیٹا بھی اس درد اور تکلیف میں مبتلا ہوکر انتقال کر جائے۔ مجھے اپنے بچے کے علاج کیلئے 90 لاکھ درکار تھے۔ معین اختر نے پی ٹی وی پر ڈیڑھ برس اس کیلئے مہم چلائی۔ پیسے جمع کرکے اپنے بچے کا علاج کرانے اٹلی اور لندن بھی گیا لیکن علاج نہ ہوسکا۔ جس دِن اپنے بچن کو دفن کیا اُسی دِن دوسرے کے بچوں کا سہارا بننے کا عہد کرلیا تھا۔ میرے بیٹے کاشف کی قربانی کروڑوں لوگوں کے کام آگئی ہے۔ زندگی کیا نعمت ہے کسی کو دیکھنا ہے تو ہمارے اسپتال آکر دیکھ لے۔ کاشف اقبال تھیلیسمیا فاؤنڈیشن میں نا صرف علاج بالکل مفت کیا جاتا ہے بلکہ کھانا اور ادویات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ میرے سینٹر کا بجٹ کا 9 کروڑ ہے لیکن ہمیں اربوں روپے کے فنڈز کی ضرورت ہے کیونکہ اِن بچوں کو ہر سال 10 لاکھ لیٹر خون کی ضرورت پڑتی ہے۔ حکومت کی طرف سے ایک روپیہ نہیں ملتا، صرف عوام کے پیسوں سے یہ ادارہ چل رہا ہے۔ تھیلیسمیا کے مرض میں مبتلا ایک بچے پر 8 سے 30 ہزار روپے لگتے ہیں۔ اگر لوگ عطیات نہیں دینا چاہتے تو کسی ایک بچے کے اخراجات اپنے ذمہ لے سکتے ہیں۔ جن کے گھر پیسہ بہت مگر اولاد نہیں اُنہیں چاہئے کہ وہ ایک بچے کو گود لیکر اِن کا ذمہ اُٹھائیں۔ 90 فیصد ”کزنز میرج“ میں یہ بیماری پائی جاتی ہے لہٰذا شادی سے قبل ٹیسٹ کرالینا بہتر ہے، یہ ٹیسٹ 22 سو روپے کا ہوتا ہے جو ہمارے ادارے میں بالکل مفت کیا جاتا ہے اور اس ٹیسٹ کا نتیجہ بھی ایک منٹ میں سامنے آجاتا ہے۔ تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچی ورقہ نے حاضرین سے خون عطیہ کرنے کی التجا کی اور عوام الناس سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ زیادہ سے زیادہ خون عطیہ کریں تاکہ تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچے بھی اپنی عید اچھا طرح مناسکیں۔ وسیم اکرم کی والدہ سمیت متعدد لوگوں نے ٹیلیفون کال پر عطیات دیئے جبکہ نعمان اعجاز نے حاضرین میں جاکر ادارے کیلئے فنڈز بھی اکھٹے کئے۔ بجلی آگاہی مہم کیلئے لیٹر لائٹ سیگمنٹ پیش کیا گیا ۔ طارق فتانی کی خوبصورت آواز میں اذان دی گئی اور سب نے ملکر جیو کے ساتھ افطار کیا۔ قبل ازیں سحری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔”سلام یا رسول اللہ ﷺ“ سیگمنٹ میں فرحان علی وارث ، زم زم رضا قادری، طاہر ندیم ، شہباز قمر آفریدی، فصیح الدین سہروردی، سلمیٰ خان، زرمینا ناصر اور تسلیم صابری نے ملکر ہدیہ نعت پیش کیا۔ نعیم عباس روفی مہمان خصوصی کی حیثیت سے تشریف لائے، اُنہوں نے دیگر نعت خوانوں کے ہمراہ کلام ”کوئی تو ہے جو نظام ہستی چلا رہا ہے“ پیش کرکے لہو گرمادیا۔ نعیم عباس روفی سے دلچسپ گفتگو ہوئی جس کے بعد شفاعت علی اپنے منفرد انداز آئے۔ منی گیم شو ”جیو دِل سے“ پیش کرکے انعامات تقسیم کئے اور حاضرین کو پھر تازہ دَم کردیا۔ ”و ایاک نستعین“ میں وظائف بیان ہوئے۔ عالم آن لائن میں شاہ حسین گردیزی، عبدالشکور حقانی، امین شہیدی اور مفتی غلام محی الدین موجود تھے جنہوں نے عوام کے دینی سوالات کے تفصیل سے جواب دیئے۔ اذان کے بعد تمام لوگوں نے ملکر جیو کے ساتھ سحری کی۔