بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر نے میلے والی گلی کے نزدیک وول فیکٹری میں قائم کردہ ایئر کنڈیشنڈ رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور رانا محمد سلیم افضل اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ عبد الرؤف مہر بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے رمضان بازار میں دستیاب اشیائے خوردونوش کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔انہوں نے انچارج رمضان بازار کو ہدایت کی کہ رمضان بازار میں ہر ممکن صورت اشیائے خوردونوش کے اعلیٰ معیار اور مقدار کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے تازہ فروٹ اور سبزیوں کی دستیابی کو بھی یقینی بنانے کے لئے خصوصی ہدایات دیں۔کمشنر بہاول پور نے رمضان بازار کے انتظامی امور کا بھی معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات عمل میں لانے کی ہدایات دیں۔کمشنر بہاول پور نے رمضان بازار میں حکومت پنجاب کی طرف سے خصوصی طور پر قائم کردہ ایگریکلچر فیئر پرائس شاپ کا بھی معائنہ کیا اور مقررہ کردہ خصوصی نرخوں پر سبزیاں وفروٹ فروخت کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے اشیائے خوردونوش کے دیگر اسٹالز گوشت، چینی، مشروبات کا بھی فرداً فرداً معائنہ کیا،بعدازاں کمشنر بہاول پور ڈویژن نے رمضان بازار میں قائم کردہ میڈیکل سہولت سنٹر کے کاؤنٹر کا بھی معائنہ کیا اور ضروری ادویات کے اسٹاک کو بھی چیک کیا۔