راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سجادہ نشین عیدگاہ شریف پیرنقیب الرحمٰن کے صاحب زادے حسان حسیب الرحمٰن سپریم کورٹ کے جج مسٹرجسٹس سردارطارق مسعودخان سے راضی نامہ کے بعدرہاہوکر راولپنڈی پہنچ گئے ، جہاں آستانہ عالیہ عیدگاہ شریف پہنچنے پران کے والد پیرنقیب الرحمٰن اوران کے مریدین نے ان کااستقبال کیا۔ اس سے قبل ہفتہ کی سہ پہر4بجے کے قریب انہیں اپنے دیگرساتھیوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل حافظ آبادسے رہاکیا گیا ایس ایچ اوتھانہ کالے کی منڈی سب انسپکٹر امجدآصف نے جنگ کے استفسارپربتایاکہ فریقین میں راضی نامہ کے بعدمعاملہ ختم ہوگیا ہے جس پرمتعلقہ عدالت نے انہیں رہاکرنے کاحکم دیا۔پولیس کے مطابق تصفیہ ہونے کے بعد جمعہ کوحسان حسیب الرحمٰن اوران کے ساتھیوں کو ڈسٹرکٹ جیل حافظ آبادمنتقل کردیاگیا تھا جہاں سے ہفتہ کی سہ پہر عدالت کے حکم پرحسان حسیب الرحمٰن ، ان کے ڈرائیورمشتاق احمد،عبدالمتین عباسی ،محمدبلال وغیرہ کو رہاکردیاگیا ۔ حافظ آبادپولیس کاکہناہے کہ راضی نامہ ہونے کے بعدکیس ختم ہوگیا ہے گذشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان کے مسٹرجسٹس سردارطارق مسعودخان نے سجادہ نشین عیدگاہ شریف پیرنقیب الرحمٰن کے صاحب زادے حسان حسیب الرحمٰن کو موٹروے پرپیش آنے والے ناخوش گوارواقعہ پرمعاف کردیا تھا اوراوراس حوالے سے جمعہ کو پیر نقیب الرحمٰن کی جانب سے معافی نامہ اخبارات میں شائع کرایاگیا تھا ،یادرہے کہ 26اور27مئی کی درمیانی شب لاہوراسلام آباموٹروے پر سکھیکی ریسٹ ایریا میں گاڑی اوورٹیک کرنے کے دوران ہونے والی بدمزگی کے نتیجے میں واقعہ پیش آیا تھا جس پرپیرحسان حسیب الرحمٰن کوان کے 5ساتھیوں سمیت گرفتارکرلیاگیاتھا۔