• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرنس رونالڈو نے ریال میڈرڈ کو یورپی فٹ بال کنگ بنادیا،چیمپئنز لیگ ٹائٹل کا کامیاب دفاع

کارڈف ( جنگ نیوز ) اسپینش فٹ بال کلب ریال میڈرڈ نے سیزن میں ایک اور بڑی کامیابی کے ساتھ یورپی فٹبال کنگز کا تاج سر پر سجالیا۔ فٹبال پرنس کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر اپنی افادیت ثابت کرتے ہوئے ریال کو اعزاز کے دفاع میں بھرپور مدد دی۔ یورپین چیمپئنز لیگ کے فائنل میں عالمی شہرت یافتہ اسپینش ٹیم ریال میڈرڈ نے اطالوی ٹیم یوونٹس کو 4-1سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ یوئیفا چیمپیئنز لیگ جیتنے کا ریکارڈ قائم کردیا۔ کارڈف میں کھیلے گئے یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے فائنل کے 20ویں منٹ میں رونالڈو نے ریال میڈرڈ کو برتری دلائی البتہ سات منٹ بعد ہی یوونٹس کی جانب سے مینڈوزک نے شاندار گول کرکے اسکور برابر کردیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ چار سیزن میں تیسری بار ریال میڈرڈ نے چیمپئنز ليگ کو اپنے نام کیا ہے اور رونالڈو نے ریکارڈ تین بار فائنل میں گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ریال میڈرڈ کے کوچ اور فرانس کے سٹار کھلاڑی زین الدین زیڈان کے سر اب یکے بعد دیگرے دو فائنلز جیتنے کا سہرا ہے۔ اس سے قبل انھوں نے اپنی نئی ٹیم کو لا ليگا میں فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔دوسرے ہاف میں ریال میڈرڈ کی ٹیم حاوی رہی اور یوونٹس کی ٹیم بالکل آف کلر نظر آئی۔کھیل کے 61ویں منٹ میں کیسیمیرو نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ تین منٹ بعد ہی رونالڈو نے ایک اور گول داغ کر برتری کو دگنا کردیا۔کھیل کے 90منٹ میں ریال میڈرڈ کی جانب سے اسنسیو نے گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کرتے ہوئے مقابلہ 4-1 کردیا۔دوسرے ہاف میں ریال میڈرڈ تقریبا ناقابل تسخیر نظر آئی اور یووینٹس اسے روکنے میں ناکام نظر آئی۔ یووینٹس کو کھیل کے آخری مرحلے میں اس وقت مزید نقصان اٹھانا پڑا جب ان کے کھلاڑی کواڈریڈو کو دوبار یلو کارڈ ملنے کی وجہ سے میدان سے باہر جانا پڑا۔ریال میڈرڈ نے چار سالوں میں تیسری جبکہ مجموعی طور پر بارہویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جبکہ اس ٹرافی کے ساتھ ہی ریال میڈرڈ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرنے والی تاریخ کی پہلی ٹیم بن گئی۔رونالڈو کے نام اب چیمپئنز لیگ کے 140 میچز میں 105 گول کرنے کا ریکارڈ ہے اور ان میں سے 12 گول تو انھوں نے رواں سال کے 13 میچوں میں کیے ہیں۔اس میچ میں فتح گر کارکردگی کی بدولت کرسٹیانو رونالڈو نے سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ ’بیلن ڈی اور‘ کیلئے فیورٹ بن گئے ہیں ۔جہاں ان کے ممکنہ حریف یوونٹس کے عظیم گول کیپر گیان لوگی بفون ہیں۔
تازہ ترین