• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے معیشت کو بحال، ملک کو با وقار مقام پرپہنچایا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو اپنی حکومت کے چار سال مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ5جون 2013کومحمد نواز شریف پاکستان کے تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے،ان 4برسوں میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے عملی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے ملکی معیشت کو بحال اور پاکستان کو باوقار مقاپر پہنچایا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر قیادت 19سال بعد ملک میں مردم شماری کا تاریخی عمل مکمل ہوا،اس سے پہلے آخری مردم شماری بھی 1998میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملکی تاریخ کی پہلی داخلی سلامتی پالیسی دی، ملک میں دہشت گردوں کی کمر توڑی گئی، کامیاب کراچی آپریشن کیا اور دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی،توانائی کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوااور لوڈشیڈنگ میں واضح کمی آئی۔ انہوں نے کہا کہ فقید المثال انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کی تعمیر کا سہرا بھی نواز شریف کے سر ہے،بلوچستان میں امن کا قیام اور فاٹا اصلاحات کے عمل کا آغاز ہوا،صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کیلئے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے، وزیراعظم تعلیمی اصلاحات اور ہیلتھ کیئر پروگرام ان تاریخ ساز اقدامات کی واضح مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک اور امن کے قیام کیلئے اقدامات وزیراعظم محمد نواز شریف کا اس خطے کے عوام کو تحفہ ہے،منصوبے سے خطے میں معاشی سرگرمیوں کا انقلاب آئیگا،آنے والا سال حکومت کا آخری سال ہے ، تمام ترقیاتی منصوبوں کو پایا تکمیل تک پہنچایا جائے گا،ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور صوبائی حکومتیں قومی ترقی ، خوشحالی اور ملی یکجہتی کے فروغ میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کی فلاح اور خوشحالی ، جمہوریت اور جمہوری عمل کے تسلسل میں ہی پنہاں ہے۔
تازہ ترین