لاہور (نیوزایجنسیاں) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نوجوان کھلاڑیوں میں جیت کی تڑپ پیدا کرنے کے لیے ماضی کے عظیم پلیئرز کی خدمات حاصل کرنے کا پروگرام بنالیا، منصوبے کا آغاز 7 جون سے ملک بھر میں شیڈول رمضان ہاکی فیسٹیول کے مقابلوں سے ہوگا۔ ہاکی پاکستان کا واحد کھیل ہے جس کو ملکی کھیلوں میں سب سے زیادہ عالمی میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، پاکستان ہاکی میں اب تک مجموعی طور پر تمغے حاصل کر چکا ہے، گولڈ میڈلز کی تعداد 29 ہے جن میں ورلڈ کپ میں 4، اولمپکس 3، چیمپئنز ٹرافی3، ایشین چیمپئنز ٹرافی2، ایشیا کپ 3، سلطان اذلان شاہ 3، ایشین گیمز 8، اور ساتھ ایشین گیمز میں سونے کے تمغوں کی تعداد 3 ہے۔ دنیا بھر میں اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانے والے مایہ ناز سابق کھلاڑیوں کی بڑی تعداد اب بھی فعال اور وہ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے رواں ماہ رمضان المبارک ٹورنامنٹ کے انعقاد کا پروگرام بنا رکھا ہے، یہ مقابلے 7 جون سے شروع ہو کر 23 جون تک ملک بھر میں جاری رہیں گے۔ مقابلوں کا آغاز مردان ہاکی لیگ سے ہوگا، مقابلوں میں اسکولوں،کلبوں، ڈسٹرکٹ، صوبائی اور محکموں کے فائیو اے سائیڈ، سیون اے سائیڈ، نائن اے سائیڈ اور الیون اے سائیڈ کے ہاکی ٹورنامنٹس کے ساتھ ہاکی فیسٹیول بھی منعقد کیے جائیں گے۔ایونٹ کا آغاز مردان ہاکی لیگ سے ہوگا، جس کے بعد اس کے مقابلے ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مالاکنڈ، بونیر، راولہ کوٹ، گلگت، اسکردو، فاٹا، کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، اوکاڑہ، ساہیوال، وہاڑی، فیصل آباد، گوجرہ، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، لاہور، گوجرہ، راولپنڈی و دیگر شہروں میں بھی ہوں گے۔ ان گیمز کا اختتام لاہور میں ہوگا۔