لاہور(نمائندہ جنگ)تیسری سیاسی قوت سامنے لانے کیلئے عید کے بعد اہم اعلان کیا جائے گا۔ گرینڈ الائنس کےقیام ملک و قوم کی ضرورت ہے۔ اپوریشن جماعتوں کا اتحاد حکمران جماعت کی سیاسی موت ثابت ہو گا۔ گرینڈ الائنس کیلئے چاروں صوبوں ، گلگت اور آزاد کشمیر میں تمام چھوٹی و بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ رابطے کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے دبئی میں ملاقات کے دوران باہمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے صاحبزادہ حامد رضا کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔ اس موقع پر ملکی حالات اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور گرینڈ الائنس کے قیام کیلئے مشاورت کی گئی۔