اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرمملکت اطلاعات،نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ثقافتی کارواں پاکستان چین عوامی روابط کے استحکام میں معاون ثابت ہو گا۔ دونوں ملکوں میں ثقافتی طائفوں کے تبادلے بہترین تعلقات کا لازمی جزو ہیں، انتہاء پسندی کو ختم کرنے اور قومی بیانیہ اجاگر کرنے کیلئے ثقافتی پروگرام شروع کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ارومچی سے گوادر تک ثقافتی کاررواں روانہ کرنے کے مجوزہ پلان پر غورکیا گیا۔ کارواں میں دونوں ملکوں کے فنکار، موسیقار، رقاص اور فوٹوگرافرز شامل ہوں گے۔ ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے سیّد جمال شاہ نے وزیر مملکت کو چین۔پاکستان اقتصادی راہداری روٹ کے ساتھ ساتھ سفر، فن اور ثقافت کی دستاویزی عکسبندی کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات، مفاہمت، اعتماد اور احترام کے فروغ کیلئے تخلیقی سفر اور ثقافتی کاررواں کے تصور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔مریم اورانگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مشترکہ ثقافتی کاررواں کا تصور منفرد ہے، حکومت ثقافت کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ فن اور ثقافت کے فروغ سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کارواں کو کامیاب بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز، وفاقی وزارتیں اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو بڑھایا جائے۔وزیر مملکت نے پی این سی اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ٹائم فریم کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی پروگرام مرتب کرنے کے بعد وزارت کے تمام اداروں کے ساتھ شیئر کریں۔اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ احمد نواز سکھیرا، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان شیراز لطیف، منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مسعود ملک، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ شفقت جلیل، ڈائریکٹر جنرل پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس جمال شاہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ فوزیہ سعید سمیت وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔