بہاول نگر میں آندھی کے ساتھ باد و باراں کا طوفان آیا ہے، جس کی وجہ سے پیش آنے والےمختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
بہاول نگر شہر کے کئی علاقوں میں آندھی اور طوفان کے باعث دیواریں اور سائن بورڈ گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
پنجاب کے مختلف حصوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، جس کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بادل برسے تو گرمی کے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی تو حبس اور گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہواتو شہریوں نے بھی سکون کا سانس لیا۔
مری اور گردونواح میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے ، موسم سرد ہونے سے لوگوں نے گرم شالوں کا استعمال شروع کردیا ہے ۔
ملتان کے مختلف علاقوں میں طوفانی آندھی اور تیز بارش کے باعث گھر، مدرسے کی چھت گرنے اور دیگر حادثات میں 18افراد زخمی ہو گئے۔
فیصل آباد میں موسلادھار بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
لودھراں میں کچے مکانات کی چھتیں گرنے سے 7افراد زخمی ہوگئے ۔
سيالکوٹ ،گوجرانوالا ، گجرات ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان ، حافظ آباد،جام پور سمیت دیگر شہرو ں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے گرمی کی شدت کو قدرے کم کردیا ہے۔
صوابی ،مینگورہ اور گردونواح میں بارش سے موسم خوبصورت ہوگیا،ادھر مانسہرہ میں بھی بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔