راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب راولپنڈی کے عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ انکی خصوصی توجہ سے شہر کے تینوں ہسپتالوں کو سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ یہ بات الائیڈ ہسپتالوں کے بورڈ آف مینجمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اسلم نے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے 4کروڑ روپے کی رقم سے گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر بھی اُنکے ساتھ تھے۔ ڈاکٹر اسلم نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کی تزئین و آرائش کیلئے وزیراعلیٰ نے جو رقم دی تھی اس سے آنیوالی تبدیلی ہر کوئی دیکھ سکتا ہے۔ ڈاکٹر خالد رندھاوا نے بتایا کہ اس گرڈ کے مکمل ہونے پر ہسپتال میں بجلی کبھی نہیں جائیگی‘ بلکہ اگر کوئی فنی خرابی ہوئی تو خودبخود دوسرے فیڈر پر منتقل ہو جائیگی۔ اس وقت ہسپتال کو 4ذرائع سے بجلی مل رہی ہے۔