صوابی(نمائندہ جنگ)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں انقلابی اصلاحات کئے ، این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر سرکاری ملازمین کی تقرریاں کی جارہی ہیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے زیدہ میں پشتو کے ممتاز گلو کار کفایت شاہ باچا اور ناظم زیدہ تھری حاجی شاہد سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر کفایت شاہ باچا اور حاجی شاہد نے سپیکر کو پی ٹی آئی میں شمولیت کا یقین دلایا اور کہا کہ عید الفطر کے بعد محلہ حافظ آباد زیدہ میں ایک جلسہ عام منعقد کیا جائیگا جس میں کفایت شاہ باچا اور حاجی شاہد خاندانوں اور دوستوں میت پی ٹی آئی میں باقاعدہ طور پر شمولیت کاا علان کرینگے، پی ٹی آئی کے تر جمان ظاہر محمد یوسفزئی ، تحصیل صدر صوابی سید منور شاہ باچا ، صدر زیدہ سٹی واحد خان اور دیگر کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے ،سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ہماری حکومت نے صوبے میں سودی نظام کا خاتمہ کر دیااور اس کے لئے باقاعدہ طور پر قانون سازی کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے کام اور خدمت علاقے کے لئے منہ بولتا ثبوت ہے،زیدہ سٹی میں بدری نالہ پر دو پُل ، ماڈل پولیس اسٹیشن ، رابطہ سڑکیں اور کاز وے بھی تعمیر کرائے جائیں گے اور یوں زیدہ ایک ماڈل سٹی ہو گا انہوں نے کہا کہ رواں سال بھی تر قیاتی منصوبوں پر ایک کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔