اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا قوم پر کوئی احسان نہیں،مہذہب معاشرے میں حکمران عدلیہ اور قانون سے بالاتر نہیں ہوتے،ملک آئین و قانون کی بالادستی سے ہی ترقی کرتے ہیں۔ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کے نفاذکو یقینی بنا یا جائے۔وزیر اعظم کی طرف سے جے آئی ٹی میں پیش ہونے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم اور انکی کابینہ کی طرف سے فیصلے کو ایسے پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جیسے وزیراعظم کوئی تاریخی معرکہ سر کرنے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ تاریخ میں بڑے نامور حکمران طلب کرنے پر عدالتوں میں حاضرہوتے رہے ہیں۔