• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر،پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد

سکھر (بیور ورپورٹ) سکھر میں دومختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار،تین فرار، گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کی ہدایات پر شہر سمیت ضلع بھر میں رمضان المبارک اور عید الفطرکی آمد کے موقع پر امن وامان کی فضا کو مکمل بحال رکھنے، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصرکی سرکوبی اور اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے تمام تھانوں کے انچارج سمیت پولیس افسران کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو قیام امن کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دو مختلف علاقوں میں ڈاکو واردات کی نیت سے موجود ہیں جس پر پولیس پارٹیاں تشکیل دی گئیں ۔ تھانہ اے سیکشن کی حدود ریلوے گراؤنڈ کے نزدیک پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم ذوالفقار چاچڑ کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول  اور گولیاں برآمد کرلیں جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔ ایک اور مقابلے میں پولیس نے ملزم عبداللہ بگٹی کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک پستول اور گولیاں برآمد کر لیں،ملزم کے دوساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کے گروہ واردات کی نیت سے علاقے میں موجود تھے کہ خفیہ اطلاع پر یہ کارروائی کی گئی۔ ایس ایس پی سکھر امجدا حمد شیخ کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرے اور عید الفطر کی آمد ہے اس حوالے سے پولیس نے ماسٹر سیکورٹی پلان کے تحت سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں، شہرکی گنجان آبادی والے علاقوں، اہم کاروباری مرکز، مارکیٹوں، بس اسٹاپ، قومی شاہراہوں، انڈس ہائی وے، دیہی اور شہری تمام علاقوں میں تھانہ انچارجز اور پولیس افسران کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ امن وامان کی فضا کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے۔ ڈاکوؤں، جرائم پیشہ اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یاکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، غفلت برتنے والے پولیس افسران تھانہ انچارجز کے خلاف فوری محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ میں خود تمام علاقوں میں اچانک دورے کررہا ہوں اگر کہیں بھی پولیس کی غفلت اور کوتاہی دکھائی دی تو متعلقہ افسران اور اہلکاروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ عوام کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں، چوراہوں، شاہراہوں سمیت دیگر پبلک مقامات پر پولیس کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ سادہ لباس پولیس اہلکار ان مقامات پر تعینات ہونے کے ساتھ ساتھ شہرم میں گشت بھی کررہے ہیں تاکہ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر پر نظر رکھی جاسکے ، انہوں نے عوام خاص طور پر تاجروں سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے قیام امن کو یقینی بنانے اور جرائم کی سرکوبی میں اپنا کردار ادا کریں، سکھر کی عوام خاص طور پر تاجروں نے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور ہم سب مل کر ہی جرائم سمیت معاشرتی برائیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ 
تازہ ترین