سکھر (بیورو رپورٹ) شہر و گرد و نواح میں گرمی کی شدید لہر بدستور برقرار ہے۔ شہری عید کی خریداری کے لئے سورج ڈھلنے کا انتظار کرتے رہتے ہیں دوپہر کے وقت شاہراہوں پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم دکھائی دے رہا ہے۔ سکھر، پنوعاقل، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ، بچل شاہ میانی ، سانگی سمیت قرب و جوار کے علاقوں میں کئی دن سے جاری شدید گرمی کا زور نہ ٹوٹ سکا۔ شہر و نواحی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور دوپہر کے وقت سخت دھوپ کے ساتھ گرم ہواؤں نے لوگوں کو مشکلات سے دوچار رکھا۔سورج کی تیز شعاؤں اور گرم ہواؤں سے بچنے کے لئے شہریوں نے دوپہر کے وقت گھروں اور دکانوں میں رہنے کو ترجیح دی جبکہ دوپہر کے وقت سکھر کی اہم ترین شاہراہوں مینارہ روڈ، شالیمار روڈ، ایوب گیٹ، پولیس ہیڈ کوارٹر روڈ، ملٹری روڈ، شکارپور روڈ و دیگر پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم نظر آئی جبکہ تجارتی مراکز گھنٹہ گھر چوک، شہید گنج، پان منڈی، صرافہ بازار، شاہی بازار میں بھی خریداروں کا رش کم دکھائی دیا تاہم سورج ڈھلنے کے ساتھ ہی شہریوں کی بڑی تعداد خریداری کے لئے تجارتی مراکز میں پہنچ گئی اور عید کی خریداری کرنے میں مشغول ہوگئی۔ دوسری جانب بیرون شہر سفر کرنیوالے ادویہ ساز کمپنی کے نمائندے اور بیوپاری حضرات شدید گرمی سے نڈھال ہوگئے، گاڑیوں میں سوار مسافر پسینے میں شرابور نظر آئے۔