سیالکوٹ (نمائندہ جنگ ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد آصف نے گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا دورہ کیا اور ہسپتال کے میڈیسن اسٹور میں ادویات کے معیار کی پڑتال اور تجزیہ کیلئے نمونہ جات اپنی نگرانی میں پیک کروائے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ہسپتالوں میں مختلف ادویہ ساز کمپنیوں کی جانب سے مہیا کی جانے والی ادویات کی بین الاقوامی ڈرگ ٹیسٹنگ لیب سے تجزیہ کروانے کا مقصد ادویات کے معیار کو یقینی بنانا ہے اوراس ضمن میں ادویات کے نمونہ جات اعلیٰ افسران کی نگرانی میں خاص ترکیب سے اسٹور سے حاصل کئے جاتے اور پیک کروا کر تجزیہ کیلئے بھیجا جاتا ہے ۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی اور میونسپل کارپویشن کے مقامی حکام کو ہدایت جاری کی کہ مون سون کی بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے قبل برساتی نالوں کی ڈی سلٹنگ ، نہروں اور دریائوں کے کمزور پشتوں اور حفاظتی بندھوں کو مضبوط بنایا جائے ۔ یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ فلڈ کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ فلڈ ریلیف کیمپ ایسی جگہوں پر قائم کریں جہاں سیلابی پانی اور بارشوں ریلیف کیمپ متاثر نہ ہو۔ انہوں نے محکمہ اریگیشن کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ پٹھانوالی ڈرین کے زیر تعمیر منصوبے کو بلاتاخیر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نےپلکھو اور نالہ ایک پر جاری توسیعی منصوبے کو بھی جلد مکمل کرنے کی تلقین کی۔ کمشنر نے میونسپل کاپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے مقامی حکام کو ہدایت کی وہ اپنی حدود میں واقع اربن نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنانے کیلئے ڈسپوزل اسٹیشنوں اور ڈی واٹرنگ سیٹوں کو چالو حالت میں رکھیں، انتہائی خطرناک عمارتوں کو مون سون کی بارشوں سے قبل خالی کروا جائے ۔ انہوں نے محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کے حکام کو بھی ہدایت کی وہ فلڈ پلان کے مطابق ادویات اورضروری اشیائے کا مناسب اسٹاک رکھیں۔ قبل ازیں اے ڈی سی ریونیو ڈاکٹر عمر شیرنے ڈسٹرکٹ فلڈ پلان 2017ءسیالکوٹ کے بارے میں کمشنر گوجرانوالہ کو ربریفنگ دی، اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ خواجہ صفدر میڈ یکل کالج پرو فیسر ظفر علی چوہدری اور ایم ایس گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ محمد ایوب و دیگر بھی موجود تھے۔