لاڑکانہ/نوڈیرو (بیورو رپورٹ) سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 64ویں سالگرہ سادگی اور جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب نوڈیرو ہائوس میں منعقد ہوئی جس میں سالگرہ کا کیک پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بہنوں بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو کے ہمراہ نودیرو ہائوس میں کاٹا۔ قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے اٹھارہ لاکھ سے زائد مستحقین کے لئے عید راشن اسکیم کا افتتاح کیا۔ اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے حکومت سندھ کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ غریب عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور حالیہ اقدام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس اسکیم کے تحت ہر خاندان کو دو ہزار روپئے عید راشن کے لئے دئے جائیں گے۔ اس تقریب سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مختصر خطاب کرتے ہوئے اسکیم سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سالگرہ کا کیک مقامی بیکری سے تیار کرایا گیا تھا اور اسے خصوصی سیکیورٹی میں نودیرو ہائوس پہنچایا گیا۔دوسری جانب بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی آمد کے فوراً بعد گڑھی خدا بخش میں اپنی والدہ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں ایم این اے فریال تالپر ، نثار احمد کھوڑو، قائم علی شاہ ،منظور وسان اور دیگر نے شرکت کی۔