• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ کھیلنے کی امید کو دھچکا، پاکستان ہاکی ٹیم کو کوالیفائنگ رائونڈ میں ارجنٹائن نے مات دیدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈکپ ہاکی رسائی رائونڈ میں جمعرات کو پاکستانی ہاکی ٹیم اولمپک چیمپئن ارجنٹائن کے خلاف کوارٹر فائنل میں ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست کے بعد  اس رائونڈ سے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔ اب اگلے برس بھارت میں شیڈول میگا ایونٹ تک رسائی کیلیے گرین شرٹس کے پاس ایک آخری چانس بچا ہے۔  انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے دئیے گئے فار میٹ کے مطابق قومی ہاکی ٹیم  اکتوبر میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ میں رنرز اپ رہنے کی صورت میں بھی ورلڈ کپ میں شرکت کا حق حاصل کرسکتی ہے۔ اگلے ورلڈ کپ کے لئے  رسائی رائونڈ سے دس ٹیمیں کوالیفائی کریں گی جبکہ میزبان ہونے کی وجہ سے بھارت پہلے ہی انٹری  حاصل کرچکا ہے۔ پانچ ٹیموں کا انتخاب ریجنل مقابلوں سے ہوگا جس میں ایشیا ، افریقا، یورپ، امریکا اور آسٹریلیا میں ہونے والے مقابلوں سے پانچ ٹیمیں ورلڈ کپ میں حصہ لینگی۔ جمعرات کو ورلڈ کپ کوالیفائی رائونڈ میں اولمپک چیمپئن  ارجنٹائن نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے مات دی۔ فاتح ٹیم نے 49 منٹ تک پاکستان کو تین گول کی برتری کے دبائو میں رکھا۔ ارجنٹائن کی جانب سے کیسلا مائیکو نے 22 اور44 ویں منٹ میں دو گول بنائے، گونزالو نے33 ویں منٹ میں گول بناکر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول 49 ویں منٹ میں علی شان نے اسکور کیا۔  دریں  اثنا  جمعرات کو ایک اور کوارٹر فائنل میں ملائیشا نے بھارت کو 2-3 سے شکست دی۔

تازہ ترین