• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں معراج محمد خان کی برسی 22جولائی کو منائی جائے گی

لندن(ودود مشتاق) سوشلسٹ اور انقلابی رہنما معراج محمد خان کی پہلی برسی کو پاکستان کے علاوہ برطانیہ میں بھی منانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں پاکستان اور برطانیہ کے شعرا دانشور اور سیاستدان شرکت کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے سابق رہنما اکرم قائمخانی کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت جاوید حکیم قریشی نے کی۔ اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما جاوید اسخوند زادہ، ایوب اولیا، امجد ملک، علی خاقان مرزا، الف قائمخانی، اکرم قائمخانی، ملیحہ قائمخانی، امتیاز علی، سجاد ملک،فہد بٹ، سرم خان، سیرم خان اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 22 جولائی کو معراج محمد خان کی پہلی برسی کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا جائےگا۔ یہ تقریب SOAS یونیورسٹی میں ہوگی۔ تقریب کو دو حصوں پر تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک حصے میں معراج محمد خان کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ دوسرے حصے میں مشاعرے کا اہتمام کیا گیا ہے جس میٰں انقلابی شعرا اپنا کلام پیش کرینگے۔ اس موقع پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے وقاص بٹ نے کہا کہ پاکستان میں اصولی اور نظریاتی سیاست دم توڑ رہی ہے ایسے میں ضروری ہے کہ معراج محمد خان کے نظریات کو زندہ رکھا جائے۔امتیاز احمد نے کہا کہ معراج محمد خان نے ساری زندگی کرپشن سے پاک سیاست کی اور ایسے لوگ پاکستان کا سرمایہ ہیں۔ ایوب اولیا، اکرام قائمخانی اور دیگر شرکاء نے معراج محمد خان مرحوم کی شخصیت اور انکی سیاسی جدوجہد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بائیں بازو کی سیاست اور نظریہ پاکستان کے غریب عوام کی خوشحالی کی ضمانت ہیں۔

تازہ ترین