سلائو(نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی سلائو کے سابق صدر چوہدری شفقت بہبلی نے پاکستان کی سابقہ وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پیپلزپارٹی کے رہنما سابق کونسلر سلائو چوہدری پرویز اور کونسلر ڈینا کوڈ تھے، میزبان تقریب چوہدری شفقت بہبلی نے مہمانوں چوہدری پرویز اور کونسلر ڈینا کوڈ کے ہمراہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق کونسلر سلائو چوہدری پرویزنےکہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ ہمارے لیے پارٹی کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے ،آج ملک پاکستان بےنظیر بھٹو کی کمی محسوس کر رہا ہے ،وہ پاکستان کی عظیم لیڈر تھیں جو پاکستان میں عام پاکستانی کے مسائل کی بات کرتی تھیں،چوہدری پرویز نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ بلاول بھٹو اپنی شہید ماں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں ایک عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے اپنا مثبت سیاسی کردار ادا کریں گے اور بالخصوص پارٹی کارکنوں کی جائز شکایت کو سامنے رکھتے ہوئے پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے،چوہدری شفقت بہبلی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی رول ماڈل تھیں، ان کی شہادت سے ملک پاکستان کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے،ان کی سیاسی جدوجہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ساتھ بے وفائی کرنے والے خود ہی اپنے ہاتھوں سیاسی موت مر جائیں گے ہماری پارٹی کے ساتھ وابستگی نظریاتی ہے،کونسلر ڈینا کوڈ نےکہا کہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی لیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح کی لیڈر تھیں ،آج آن کی کمی پوری دنیا محسوس کر رہی ہے ،برطانیہ میں بے نظیر بھٹو کے قیام کے دوران میری متعدد ملاقاتیں ان سے ہوئیں وہ انتہائی قابل اور با صلاحیت خاتون تھیں۔