دبئی(آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مجھ پر مقدمات کم ہوں تو وطن واپسی کا فیصلہ کروں گا،امریکا ہم سے ناراض ہے اور اس بات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، تمام اردو بولنے والوں کو ایک چھتری کے نیچے آنا چاہیے، پنجابی، مہاجر، پٹھان، سندھی اور بلوچ سب پاکستانی ہیں، حیدر آباد میں ہمارے ایک پروگرام میں ایم کیو ایم اور پی ایس پی کے لوگ شریک تھے۔ چوہدری شجاعت نے مجھ سے کئی بار ملاقات کی ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا اس وقت خطے میں بہت اہم چیزیں ہو رہی ہیں ، ایک طرف ایران اور سعودی عرب کا جھگڑا چل رہا ہے تو دوسری طرف بھارت اور افغانستان ہمارے سر پر بیٹھا ہوا ہے ، نئی اور بدلتی صورتحال میں امریکا اور اسرائیل کا کردار بہت اہم ہے۔پرویز مشرف نے کہا کہ ہماری حکومت کو پاکستان کا رتبہ بنانا چاہیے جو کہ بن سکتا ہے ، اسلامی امہ میں امن لانے کا ہمارا کردار ہے اور ہم امن لا سکتے ہیں۔