• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش حجاج کی مکہ میں دہشت گردی کے منصوبے کی مذمت

لندن (پ ر) برطانیہ میں عازمین حج و عمرہ کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم عمل قومی فلاحی تنظیم ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے حرم مکہ کے تقدس کو پامال کرنے اور دہشت گردی کے ممکنہ منصوبہ کی بھرپور اور سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عربیہ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے رمضان مقدس کے آخری عشرہ میں جبکہ دنیا بھر سے لاکھوں عازمین مکہ المرکہ میں موجود ہیں۔ وہاں دہشت گردی کی ممکنہ کارروائی سے بھاری جانی نقصان سے بچا لیا گیا۔ مکہ المکرمہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حرم کے قریبی علاقہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی پر ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ جس سے تین منزلہ مکان بھی زمین بوس ہوگیا۔ اور اس سے چھ عازمین عمرہ اور متعدد سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔ سعودی اتھارٹیز کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف اس کارروائی میں ایک عورت سمیت پانچ دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے کہا ہے کہ دنیائے اسلام کے ان مقدس ترین مقامات پر کسی قسم کی دہشت گردی کی کارروائی سے دنیا بھر کے اربوں مسلمان میں سخت اضطراب غم و غصہ پھیلنے کے ساتھ ساتھ شدید ردعمل سامنے آسکتا ہے۔ اور پھر جب حج کے ایام بھی نزدیک ہیں جبکہ دنیا بھر سے20لاکھ سے زائد عازمین مکہ المکرمہ میں اکٹھے ہوں گے تو مقام مقدسہ اور عازمین کے تحفظ کی مسلم امہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور مسلم ممالک آپس کے اختلافات کو ختم کرکے مشترکہ طور پر ان دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کریں۔

تازہ ترین