• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہرات، افغان بھارت دوستی ڈیم پر حملہ، 10 سیکورٹی اہلکار ہلاک

کابل(جنگ نیوز) افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں افغان بھارت دوستی ڈیم پر حملے میں 10 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔افغان میڈیا کے مطابق واقعہ ہفتے و اتوار کی درمیانی شب پیش آیا جب طالبان جنگجوئوں نے ضلع چشتی شریف میں ’’سلمیٰ ڈیم‘‘ کی حفاظتی چوکی پر دھاوا بول دیا اور فائرنگ کر کے 10 اہلکاروں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا، حملہ آور پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی ساتھ لے کر فرار ہو گئے۔صوبائی پولیس چیف کے ترجمان گیلانی فرہاد نے بتایا کہ یہ حملہ طالبان نے کیا اور جھڑپ میں 4 طالبان جنگجو بھی مارے گئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاحال واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نے جنگجو گروپوںپر زور دیا ہے کہ وہ مصالحتی عمل اپنائیں بصورت دیگر انہیں کچل دیا جائے گا ۔ عید کی نماز کے بعد اپنے پیغام میں انہوں نے افغانستان اور عالم اسلام کو عید کی مبارکبادپیش کی۔ ادھر سابق افغان صدر حامد کرزئی نے افغانستان میں مزید امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے سنگین نتائج مرتب ہوں گے ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال افغانستان کی حکومت نے سلمیٰ ڈیم کا نام تبدیل کر کے ’’افغان بھارت دوستی ڈیم‘‘ رکھا تھا جس کا افتتاح 4 جون 2016 کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔ اس ڈیم پر پہلے بھی کئی بار حملے ہوئے ہیں جن میں متعدد سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس ڈیم سے ہرات کو بیالیس میگا واٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ 

تازہ ترین