• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی توجہ بلند، پائیدار اور ہمہ جہت اقتصادی نمو پر مرکوز ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے بعد حکومت اب بلند، پائیدار اور ہمہ جہت اقتصادی نمو پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کیلئے برطانوی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یہ بات قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراؤڈر کے ساتھ جمعرات کو وزارت خزانہ میں ملاقات کے دوران کہی۔ پاکستان میں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے شعبہ (ڈی ایف آئی ڈی) کی نائب سربراہ جودتھ ہربرٹسن بھی قائم مقام ہائی کمشنر کے ہمراہ تھیں جبکہ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر خزانہ اور قائم مقام ہائی کمشنر نے پاک۔برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے ساتھ مضبوط اور تاریخی شراکت داری استوار ہے۔ انہوں نے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان میں مختلف اقدامات اور منصوبہ جات کیلئے ڈی ایف آئی ڈی سمیت برطانوی حکومت کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے مالی سال 2016-17ء میں جی ڈی پی کی 5.28 فیصد کی شرح نمو حاصل کی ہے جو عشرے میں بلند ترین ہے اور رواں مالی سال کیلئے یہ ہدف 6 فیصد ہے۔ قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر خزانہ کو 10 اور 11 جولائی 2017ء کو لندن میں ڈی ایف آئی ڈی کی میزبانی میں منعقد ہونے والی فیملی پلاننگ سمٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔

تازہ ترین