• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں قانون ہوتا تو سانحہ ماڈل ٹائون پرانصاف مل جاتا،طاہر القادری

لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شہدائے ماڈل ٹائون کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامالیکس کی  جے آئی ٹی فکس میچ ہے اور کچھ لوگ چوکیدار کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔جے آئی ٹی میں آئندہ الیکشن کی حکمت عملی بن رہی ہے ۔بے عزتی اس کی ہوتی ہے جس کی کوئی عزت ہو،ملک میں رول آف لاء ہوتا تو شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء 3سال بعد بھی انصاف سے محروم نہ ہوتے، مجھے علم ہے کہ ان اداروں سے انصاف نہیں ملے گا مگر انصاف کی جدوجہد کرتے کرتے اس دنیا سے جائوں گا اور میری آئندہ نسلیں بھی سانحہ ماڈل ٹائون کا انصاف مانگے گی۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو ریمنڈ ڈیوس نہیں بننے دیں گے۔شہدائے ماڈل ٹائون کی یاد میں منعقدہ تقریب سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر الزمان کائرہ،میاں منظور احمد وٹو،اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید،اعجاز چوہدری،فردوس عاشق اعوان ،خرم نواز گنڈا پور ،رفیق نجم نے خطاب کیا ۔قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو سلام پیش کرتے ہیں جو ڈٹ کر ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دے رہے ہیں،ڈاکٹر طاہر القادری کی ظلم کیخلاف سیاسی جدوجہد بڑی طویل ہے۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہاکہ میاں شہباز شیرف اور رانا ثناء اللہ سونے کیلئے نیند کی گولیاں کھاتے ہیں مگر بے گناہوں کا خون انہیں سونے نہیں دیتا ۔انہوں نے کہاکہ  جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک ہونی چاہیے۔اعجاز چوہدری نے اپنے خطاب میں کہاکہ سانحہ ماڈل ٹائون کے مظالم سیاہ باب ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام کا ماڈریٹ ویثرن دیا ہمیشہ امن ،محبت کا درس دیا انکے لوگوں کو قتل کرنا بربریت اور یزیدیت ہے۔تقریب کے اختتام پر تمام رہنمائوں نے ڈاکٹر طاہر القادری اور شہدا کے ورثاء کے ہمراہ یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور دعائے مغفرت کی۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اتمام حجت کیلئے عدل کی زنجیر ہلارہے ہیں،انصاف کیلئے قصاص تحریک کا دوسرا اور تیسرا رائونڈ ابھی باقی ہے ۔ تقریب میں بریگیڈئر(ر) فاروق حمید،فیاض وڑائچ، بریگیڈئر(ر)  محمد مشتاق،میاں محمد منیر،علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری،حافظ محمد علی یزدانی،محترم پاسٹر سیموئیل شرکت کی۔مسیحی بھائیوں نے شہداء کی یادگار امن کی شمعیں روشن کر کے اظہار یکجہتی کیا ۔
تازہ ترین