کراچی‘لاہور(اسٹاف رپورٹر‘این این آئی) پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد ‘ مولابخش چانڈیواوروزیراطلاعات سندھ سیدناصرحسین شاہ نے کہاہے کہ خواجہ سعدرفیق مگرمچھ کے آنسونہ بہائیں اور اپنے گریبان میں جھانکیں‘ن لیگ کو مکافات عمل کا سامنا ہے‘دوسروں کو چورکہنے والے خودپکڑے گئے ہیں ‘ گیدڑبھبکیوں سے کچھ نہیں ہوگا‘ ن لیگ کچھ بھی کرلے لوٹی گئی دولت کا حساب دیناہوگا ۔
چوہدری منظور احمد نے خواجہ سعد رفیق کے خطاب پر اپنے رد عمل میں کہاکہ سعد رفیق مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں اوراپنے گریبان میں جھانکیں،مسلم لیگ (ن) کو مکافات عمل کا سامنا ہے،(ن) لیگ کا منہ کالا ہورہا ہے تو انکی جھاگ نکلنا شروع ہوئی ہے‘شریفوں کی جعلی پارسائی تو بے نقاب ہونا ہی تھی‘جس عدالت اور میڈیا کے ساتھ ان کا رومانس تھا اب اسی کے خلاف زہر اگل رہے ہیں‘پیپلز پارٹی (ن) لیگ کی اس بے بسی کو اپنی جیت سمجھتی ہے،(ن) لیگ جس لیبارٹری میں بنی اب اسے بند کرنے کا شور مچا رہی ہے۔دریں اثناءپیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے اپنے ردعمل میں کہاہے کہ نواز شریف نے اپنے وزارت اعلیٰ کے دور سے لے کر اب تک علاقائی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔