کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگڈیئر ( ر) خالد کھوکھر نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کار کردگی کا نوٹس لیتے ہوئے قومی ٹیم کی انتظامیہ اور قومی سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے جلد اہم فیصلوں کے سامنے آنے کا امکان ہے۔ جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق پی ایچ ایف کے صدر نے اس سلسلے میں سابق ہاکی اولمپئنزسے بھی رابطے کا پلان بنایا ہے اور وہ وطن واپسی پر ان سے بات چیت کریں گے اور انہیں پی ایچ ایف کے تھنک ٹینک میں شامل ہونے کی درخواست کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے سابق ہاکی اولمپئناور ماسٹر فل بیکس سہیل عباس سے بھی رابطہ کیا ہے اور انہیں ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہونے کی پیش کش کی ہے تاہم سہیل عباس نے انہیں کوئی مثبت یقین دہانی نہیں کرائی ہے۔ دوسری جانب طاہر زمان کو قومی سینئر ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے پر بھی غور کیا جارہا ہے، جبکہ منیجر کے عہدے پر بھی تبدیلی متوقع ہے، جنگ کو باوثوق ذرائع نے بتایا ہے ملک کی بعض اہم شخصیات نے بھی قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر بین الصوبائی رابطے کی وزارت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بھی تبدیلی کی ہدایت کی ہے۔اور اس میں ملک کے نامور سابق ہاکی اولمپئینز کو شامل کرنے کو کہا ہے ۔