کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اگلے سال بھارت میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپمیں قومی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے صورت حال کو معمہ بنا دیاہے۔ فیڈریشن کے سکریٹری شہباز احمد نے ایک روز قبل واضح طور پر اپنے انٹرویو میں کہاکہ پاکستان نے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔اسی طرح ٹیم منیجرحنیف خان اور کپتان حسیم خان نے بھی کہا ہے کہ پاکستان نے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ دراصللندن میں کھیلے گئے ایونٹ سے پانچ ٹیموں کو ورلڈ کپ کا ٹکٹ ملے گا، بھارت کی ٹیم میزبان ہونے کی وجہ سے براہ راست پہنچ چکی ہے، لندن ایونٹ سے ہالینڈ، ارجنٹائن، انگلینڈ، ملائیشیا اور کینیڈا کو ورلڈ کپ میں شرکت کا حق مل گیاہے۔بھارت نےچھٹی اورپاکستان نے ساتویں پوزیشن حاصل کی ہے، اب قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں رسائی کا دارومدار 4 سے 12اگست تک پین امریکن کپ کے نتائج پر ہے جس میں ارجنٹائن، برازیل، کینیڈا، چلی ، میکسیکو، ٹرینڈاڈ ٹوبیگو، امریکا، وینزویلا اور یوراگوئے کی ٹیمیں مدمقابل ہونگیں، جس کی ٹاپ ٹیم ورلڈ کپ میں جائے گی ، ٹاپ چھ ٹیمیں 2021 کے پین امریکن کپ میں کھیلنے کی اہل ہوگی۔ جبکہ ساتویں اور آ ٹھویں نمبر کی ٹیم پین امریکن چیلنج کپ میں حصہ لے گی، اس ایونٹ میں اگر ارجنٹائن اور کینیڈا کی ٹیم نے ٹائٹل جیتا تو لندن ایونٹ کی ٹاپ فائیو ٹیم میں سے ایک کی نشست خالی ہوجائے گی جس سے پاکستان ورلڈ کپ میں پہنچ جائےگا، تاہم پین امریکن کپ، ارجنٹائن اور کینیڈا کے علاوہ کوئی دوسری ٹیم جیت گئی تو پھر پاکستان کو اکتوبر میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ میں قسمت آزمانا ہوگی اگر پاکستان کو بھارت کے ساتھ فائنل تک رسائی ملی تو پاکستان ورلڈکپ میں پہنچ جائے گا، کسی اور ٹیم کے ساتھ فائنل کھیلنے کی صورت میں اسے ہر حال میں ٹائٹل جیتنا ہوگا۔