وزیراعظم کے بیٹے حسن نواز کی پیشی کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی پاناما کیس سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں پیش ہوگئے۔ یہ ان کی جے آئی ٹی میں پہلی پیشی ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
جے آئی ٹی میں پیشی سے پہلے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی میں پیشی سے قبل وزیر خزانہ نے اتوار کو چھٹی کے باوجود ایف بی آر حکام سےمل کر جے آئی ٹی کے ممکنہ سوالات کی تیاری کی۔
ترجمان وزیر خزانہ نے تصدیق کی ہے کہ اسحاق ڈار کو جے آئی ٹی کی طرف سے طلبی کا نوٹس 28 جون کو جاری کیا گیا جو وزیر خزانہ کے دفتر میں گزشتہ روز موصول ہوا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اسحاق ڈار نےایف بی آر سے تمام ریکارڈ کی کاپیاں بھی حاصل کرلی ہیں جبکہ اسحاق ڈار کا 2003سے 2006تک ایف بی آرمیں تین سال کا ٹیکس ریٹرنز کا ریکارڈ مسنگ ہے۔