اسکھر (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ضلع سکھر میں صحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے بڑے ادارے قائم کیے گئے ہیں جنہیں بہتر طریقے سے چلانے کے لیے پیشہ وارانہ تربیت یافتہ ڈاکٹرزاور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ضرورت ہوگی، جی ایم سی کالج اور اسپتال میں قیادت اور گڈگورننس کی شدید کمی ہے جس کے سدباب کے لیے کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے، ڈاکٹرز اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ادارے کی بہتری کے لیے مشترکہ طور پر تعاون کریں۔ وہ کمشنر ہاؤس سکھر میں غلام محمد مہر میڈیکل کالج اور ٹیچنگ اسپتال کے مسائل کے حل کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے سکھر اسپتال کا بجٹ 6 کروڑ روپے سے بڑھا کر 20 کروڑ روپے کیا ہے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں۔