• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیہ، بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم، 15 افراد جاں بحق،25زخمی

لیہ (نامہ نگار،انیٹر نگ سیل) تیز رفتار بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں المناک تصادم کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے ۔ رپورٹ کے مطابق لیہ کے قریب کروڑ لعل عیسن روڈ پر راولپنڈی جانے والی اوور لوڈ بس تیز رفتاری سے اوورٹیک کرتی ہوئی ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں10 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 25 مسافر زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق بس اوور لوڈڈ تھی اور جب اسے حادثہ پیش آیا تو اس کی چھت پر سوار 7 افراد سمیت 10 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ باقی افراد نے تحصیل ہسپتال اور ضلعی ہسپتال لیہ میں جا کر دم توڑا۔پولیس کا کہنا  ہے کہ ٹریفک حادثے میں مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔حادثے کے چند زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔خصوصی نمائندہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لیہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

تازہ ترین