کامرہ (این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کا بجٹ 21ارب روپے سے بڑھا کر 35.5 ارب روپے کر دیا ہے، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بننے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے تو تعلیم پر توجہ مرکوز کرنا ضروری ہے ٗ علم پر مبنی معیشت کا راستہ اپنانا ہو گا اور تحقیق ‘ جدت پر مبنی سوچ کو پروان چڑھانا ہو گا ٗ اگر پاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتا رہا تو 2030 تک پاکستان کا شمار دنیا کی 20 مضبوط معیشتوں میں ہو گا۔
جمعرات کو کامرہ میں ائیر یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان اور موجودہ حکومت کا وژن نوجوانون کو جدید علوم اور ہنر سے آراستہ کرنا ہے یہی بہترین مستقبل کی ضمانت ہے۔ موجودہ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کا بجٹ 21 ارب روپے سے بڑھا کر 35.5 ارب روپے کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ چار سالوں کے دوران ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ 130 فیصد تک بڑھایا گیا۔حکومت نے تمام شہریوں کو اعلی تعلیم کے مساویانہ مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ضلعی ہیڈ کوارٹر میں یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا، گوادر ، خضدار اور تربت جیسے پسماندہ ترین اضلاع میں نئی یونیورسٹیوں کے قیام کے لیے فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں انہوں نے کہاکہ آج دنیا کی ہر بڑی ترقی یافتہ معیشت کی بنیاد جدید علم اور جدت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان ائیر فورس نے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بہت قربانیاں دی اور اہم کردار ادا کیا۔مضبوط پاکستان کیلئے ائیر فورس کومضبوط کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈبلیو سی کے شمارے کے مطابق اگر پاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتا رہا تو 2030 تک پاکستان کا شمار دنیا کی 20 مضبوط معیشتوں میں ہو گا۔