مردان ( نامہ نگار ) مردان میں 16 سالہ گھریلو ملازمہ نے مالک کے بنگلے میں مبینہ طور پر خود کشی کرلی، پولیس نے متوفیہ کے والد کے بیان پر رپورٹ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں، پولیس رپورٹ کے مطابق چنگ چی رکشہ ڈرائیور سراج کی سولہ سالہ بیٹی نیلم چارسدہ روڈ اسحاق آباد میں اپنے مالک مکان خالد خان کے بنگلے پر کام کرتی تھی جہاں مالک کے گھر کی خواتین نے کسی بات پر اسے ڈانٹ لیا جس پر اس نے دلبرداشتہ ہوکر دوپٹے کا پھندابنا کر گلے میں ڈال دیا اور چھت کیساتھ لٹک کر خود کشی کرلی بعد ازاں نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچادیا گیا جہاں نعش سے نمونے لیکر تجزیہ کے لئے لیبارٹری ارسال کردیئے گئے، پولیس تھانہ سٹی کے عملہ نے مبینہ خودکشی کی پراسرار واردات کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔