اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ ایوان بالاء خواجہ سرائوں کے حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں ان کو جائزمقام دینے کیلئے کردار ادا کرے گا اوراس سلسلے میں ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی ۔ میاں رضاربانی نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں خواجہ سرائوں کے حوالے سے ٹاسک فورس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
ملاقات میں ملک بھر سے آئے خواجہ سرائوں کے نمائندوں ، وفاقی محتسب اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک تھے۔ اس موقع پر ٹاسک فورس کی چیئر پرسن سینٹر روبینہ خالد اور ایوان بالاء کی خصوصی کمیٹی برائے محروم طبقات کے کنوینئر سینٹر نثار محمد بھی موجود تھے ۔