حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ہہٹڑی تھانے کی حدود میں جمعہ کو علی الصبح چانگ موڑ کے قریب سکھر سے کراچی جانے والی مسافر کوچ فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار سندھ ریزرو پولیس کراچی کا کانسٹیبل 50 سالہ قطب الدین عرف عبدالکریم ولد خمیسو خان سولنگی سکنہ تھری میر واہ موقع پر ہلاک ہوگیا،بس میں سوار خواتین و بچوں سمیت 20 مسافر شدید زخمی ہوگئے جنہیں موٹر وے،ہٹڑی پولیس اور راستے سے گزرنے والوں نے سول اسپتال پہنچایا،اسپتال میں 14 معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا جبکہ 6 شدید زخمی شمس الدین،خادم،مشتاق اور قاسم علی سمیت دیگر اسپتال میں زیر علاج ہیں، ہٹڑی پولیس کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہوگیا ہے،حادثے کے باعث بس کے پچھلے دونوں پہیے نکل گئے جس کی وجہ سے بس جائے حادثہ پر پڑی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ہٹڑی تھانے کی حدود میں یہ بس کا تیسرا حادثہ ہے جس میں 9 افراد زندگیوں سے محروم اور 50 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ علاوہ ازیں کلاتھ مارکیٹ کھاتہ چوک کا رہائشی 20 سالہ شاہ رخ ولد جاوید آرائیں جمعہ کو دوستوں کے ہمراہ پکنک کے لئے جامشورو میں المنظر کے مقام پر گیا تھا جہاں وہ دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا،دوستوں کی فوری اطلاع پر جامشورو پولیس نے غوطہ خوروں کی مدد سے لاش تلاش کرکے سول اسپتال پہنچائی جہاں سے ضروری کارروائی کے بعد لاش متوفی نوجوان کے والد جاوید آرائیں کے حوالے کردی گئی ہے،نوجوان کی لاش گھر پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا اور اس کی والدہ اور بہنوں کی حالت غیر ہوگئی۔