کوئٹہ(نمائندہ جنگ) صوبائی دارالحکومت میں تیسرے روز بھی ٹارگٹ کلنگ ، نامعلوم افراد نےکلی اسماعیل میں فائرنگ بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار کو شہید کر دیا پولیس نے سرچ آپریشن کر کے سو مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ تربت میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے تین ارکان کو ہلاک کر کے بھاری مقدارمیں اسلحہ ودھماکہ خیز مواد برآمدکرلیاپولیس کے مطابق کلی اسماعیل میں رہائش پذیر بلوچستان کانسٹیبلری کا اہلکارخدا بخش جمعہ کو گھر سے پیدل بازار جا رہا تھا کہ دو نا معلوم افراد نے اس پر فائرنگ کر دی اور پیدل ہی فرار ہو گئے فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گیا.
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ہسپتال پہنچائی ضروری کارروائی کے بعد میت پولیس لائن لے جائی گئی اور نماز جنازہ کے بعد میت آبائی علاقے ڈھاڈر روانہ کر دی گئی پولیس نے بتایا کہ شہید اہلکار نےتین ماہ قبل ڈھاڈر سے آکر کلی اسماعیل میں اپنے چچا سسر کے گھر میں رہائش اختیار کی تھی اور صوبائی محتسب آفس میں ڈیوٹی انجام دیتا تھا جبکہ واقعے کے بعد پولیس نے کلی اسماعیل میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے سو مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ۔
درایں اثناءسیکورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے تربت کے علاقے بلنگور میں سرچ آپریشن کیا اسی دوران کالعد م تنظیم کےمسلح افراد نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی فورسز کی بھی جوابی فائرنگ کی فائرنگ کا تبادلہ آدھے گھنٹے تک جاری رہاجس میں تین ارکان مارے گئے جبکہ ان کے ٹھکانے سے ہینڈگرینیڈ،ایس ایم جی،پسٹل اورایمونیشن قبضے میں لے لیا گیا ۔