لندن(ودود مشتاق) سپیکر کے پی کے اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہےکہ حکمرانوں کو احتساب سے بچایا گیا تو عوام سڑکوں پر ہونگے،پی ٹی آئی قبل از وقت انتخابات کےلئے پوری طرح تیار ہے۔ وہ گذشتہ روز ساوتھ آل میں پی ٹی آئی یوکے یورپ کے سربراہ صاحبزادہ جہانگیر کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو جن سازشوں کا پتہ ہے وہ قوم کے سامنے لائیں تاکہ عوام ان سازشوں کا مقابلہ کر سکیں ۔جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد وزیر اعظم کو اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں وہ مستعفی ہوں اور اقتدار کسی اور کے حوالے کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان طاقتوروں کے احتساب میں کامیاب ہوئے ہیں اور ایک نئے پاکستان کا آغاز ہو چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم کرپشن کے خلاف قانونی جنگ کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی جنگ کرنے کو تیار ہیں۔
اسد قیصر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ دوبارہ مل کر جدوجہد کرنے کو تیار ہیں اور اس سلسلے میں باقی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بھی رابطے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے صوبہ کے پی کے میں ہونے والی ترقی اور خوشحالی کی تفصیلات بتائیں اور کہاکہ انہوں نے عوام کی فلاح بہبود اور قانون کی حکمرانی سمیت175نئے ایکٹ منظور کئے گئے جبکہ پولیس ، صحت عامہ اور تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں انقلابی اصلاحات کی گئی ہیں جنکے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔اس موقع پر صاحبزادہ جہانگیر کا کہنا تھا جے آئی ٹی کے بعد اب وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی برطانیہ میںجائیدادوں کی تفصیلات بھی جلد منظر عام پر ہونگی۔
عمران خان کی توانا آواز نے آج حکمرانوں کا پول کھول دیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اوور سیز پاکستانی بیس بلین ڈالر کا زر مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں لیکن انہیں ووٹ کا حق نہیں۔پی ٹی آئی کو اگر دو تہائی اکثریت مل گئی تو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلائینگے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بابر اعوان، فردوس عاشق اعوان، فواد چوہدری اور دیگر نئے لوگ پارٹی میں شامل ہورہے ہیں لیکن اگر وہ پارلیمانی بورڈ کے معیار پر پورے نہ اترے توان کو ٹکٹ نہیں ملے گا۔