• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے،اس کے ریمارکس سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے،مریم اورنگزیب

Todays Print

اسلام اآباد(نیوز ایجنسیز؍ جنگ نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیں گے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ نہیں دیں گے انشاءاللہ ! استعفی اس لئے دیں کہ نواز شریف کے پانچوں ادوار میں ان کیخلاف ایک بھی سرکاری پیسے کی خرد برد ثابت نہیں ہو سکی؟ ۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے لیگی رہنما دانیال عزیز کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے، رپورٹ کے ریمارکس سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے، سازشوں کے عنوان بدلتے رہے ہیں ، سازشیں اس بار بھی ناکام کر کے دکھائیں گے لیکن سازشی بھی بے نقاب ہو جائے گا، جے آئی ٹی رپورٹ میں صرف ذاتی بزنس کو اچھالا گیا ہے اور خاندان کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، اعلی عدالت جلد رپورٹ کو رد کر دے گی کیونکہ ججز جانتے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے ۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے لیے یہ سازشیں نئی نہیں، نہ ہی آخری ہیں بلکہ سازشوں کے عنوان اور کرنے والے بدلتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013  کے بعد دھرنا ہوا اور پھر دھرنا 2 ہوا لیکن آج دھرنا تھری کی تیاری کی جا رہی ہے لیکن مخالفین کی آخری سازش بھی ناکام ہوگی اور اس بار سازش کرنیوالوں کے نام بھی عیاں ہوں گے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ دادا کے پوتے کے ساتھ بزنس شیئرنگ سے متعلق ہے اور ہمیں یقین ہے کہ جب جج رپورٹ پڑھیں گے تو شریف خاندان کے جے آئی ٹی سے متعلق تحفظات بے نقاب ہوں گے۔

اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنے والے پہلے جے آئے ٹی رپورٹ پڑھیں کیوں کہ انویسٹی گیشن رپورٹ دو ٹوک مؤقف دیتی ہیں نہ کہ امکان اور خدشات کا ذکر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جےآئی ٹی کو 13 سوالات کے جوابات ڈھونڈنے تھے تاہم انہیں کردار کشی اور کسی کو جھوٹا یا فریبی کہنے کی اجازت کس نے دی؟ مریم اورنگزیب کے مطابق اسی لیے شریف خاندان نے سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی ارکان کے جانبدار ہونے کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ وکلا جے آئی ٹی کی رپورٹ پڑھ رہے ہیں جس کے بعد جوابات جمع کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بددیانتی پر مبنی رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے جس میں سے اپنی مرضی کا پیراگراف پڑھ کر تجزیہ کیا جارہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ جے آئی ٹی نے قوم کا وقت اور پیسا برباد کیا ہے اور صاف صاف عمران خان کابیان رکھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے صفحہ 3 پر تاثر دیا گیا کہ رپورٹ بروقت مکمل کی گئی لیکن جے آئی ٹی نے خود کہا ہے کہ رپورٹ نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن، خورشید شاہ، سراج الحق پہلے جے آئی ٹی رپورٹ پڑھ لیں کیوں کہ رپورٹ کے اہم حصے کا خانہ خالی ہے۔

جب کہ جے آئی ٹی میں سابق قطری وزیر اعظم کے بیان کو آن گوئنگ نہیں لکھا، کسی اور کا مسئلہ ہو تو گھر جا کربیان لے لیا جاتا ہے ساتھ ساتھ ویڈیو لنک بھی ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو ٹوک بیان دے رہا ہوں کہ نواز شریف کسی کمپنی کے مالک نہیں جب کہ یہ سب کچھ ون وے کیا جا رہا ہے، سپریم کورٹ کو غلط بیانی کا نوٹس لینا چاہیے۔

تازہ ترین