اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے بیان کی پھر تردید ہے اور ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ کابینہ میں وزیر داخلہ کی تقریر پر حکومتی وزیر غلط بیانی سے گریز کریں ۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں ایک وفاقی وزیر کے بیان پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام میں وفاقی وزیر احسن اقبال کو مدعو کیا گیا تھا۔ ترجمان وزیر داخلہ محمد اسلم شاہد کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کابینہ میں کی گئی وزیر داخلہ کی تقریر پر حکومتی وزیر غلط اور غیر حقیقی بیان دینے سے گریز کریں۔ ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ نے یہ بیان کہیں نہیں دیا جو ایک حکومتی وزیر بار بار دہرا رہے ہیں اور اسے وزیر داخلہ سے منسوب کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا بدقسمتی یہ ہے کہ یہ غلط بیانات ایسے وزراء کی طرف سے آ رہے ہیں جنہوں نے حکومت کو اس نازک صورتحال سے دو چار کیا ہے۔