گجرات (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ق کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شریف فیملی کی گجرات دشمنی ختم نہیں ہو رہی، عام حالات میں جہاں شہر میں ہر طرف کوڑے کرکٹ کی پہاڑیاں دکھائی دیتی ہیں وہاں بارش کے بعد ہر طرف پانی ہی پانی ہے اور کشتیوں کے بغیر آمد و رفت ناممکن ہو جاتی ہے وہ چکوڑہ میں حاجی محمد عنایت کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نےمزیدکہاکہ حکمران ایک طرف ہمارے شروع کردہ منصوبوں پر عملدرآمد روک دیتے ہیں ۔تو دوسری طرف شہر میں صحت و صفائی، نکاسی آب اور سڑکوں و گلیوں کی تعمیر و مرمت پر عملی طور پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، شہر میں ہر سڑک، بازار اور گلیوں میں جگہ جگہ کوڑے اور گندمی کے ڈھیروں نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے وہاں معمولی بارش میں بھی ہر سڑک، برساتی نالے اور ہر علاقہ تالاب کا منظر پیش کرتا ہے ۔ چودھری پرویزالٰہی نے قبل ازیں جی ٹی روڈ پر ڈاکٹر اسد محمود بٹ کی والدہ کے علاوہ جلال چیمہ کالونی میں حاجی عنائیت اللہ صراف کے بیٹے اور حاجی ضیاء اللہ صراف کے بھائی کے انتقال پر بھی فاتحہ خونی کی ۔