اسلام آباد (وقائع نگار) پی آئی اے کے عملے کی غفلت اور بدانتظامی کی وجہ سے پی آئی اے کی سکردو جانے والی پرواز پی کے 8451 کی روانگی سے چند لمحے قبل پرواز منسوخ کردی گئی اور ٹریفک کا عملہ مسافروں کو بے یارومددگار چھوڑ کر غائب ہوگیا جس پر لائونج میں مسافروں نے شدید ہنگامہ کھڑا کردیا ۔ یہ پرواز ہفتہ کے روز دوپہر دو بجے اسلام آباد سے سکردو روانہ ہونا تھی اور ایک بجکر 55 منٹ پر پرواز کی منسوخی کا ایک اہلکار بتا کر غائب ہوگیا مسافر ڈیپارچر لائونج میں پی آئی اے کیخلاف نعرے لگاتے اور احتجاج کرتے رہے۔مسافروں نے وزیراعظم کے مشیر برائے شہری ہوا بازی سردار مہتاب اور ایم ڈی پی آئی اے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل سید ضمیر الحسن سے مطالبہ کیا ہے کہ غفلت ولاپرواہی اور مسافروں سے بدسلوکی کرنے والے پی آئی اے ملازمین اور شفٹ انچارج کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔