کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بلدیہ ٹائون انوی ٹیشن انٹرکلبز ہاکی لیگ میں اے او کلب اور بلدیہ ٹائون ہاکی کلب نے اپنے میچز جیت لیے ،بلدیہ ٹائون ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر اولمپئن حنیف خان مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ایونٹ کا افتتاح کیا ،اس موقع پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سید حیدر حسین ،گلفراز خان ،اعجاز الدین ،ایسوسی ایٹ سیکریٹری جاوید اقبال ،سید نسیم حسین ، محسن علی خان ، عبدالعظیم ،اعظم خان ،رائو جاوید،ڈاکٹر ایس اے ماجد۔ڈاکٹر حمید،ارشد صدیقی ،فیصل اسماعیل،شاہد نذیر اور دیگر بھی موجود تھے ۔پہلے میچ میں اے او کلب نے ٹی اینڈ ٹی کلب کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے مات دی ۔فاتح ٹیم کی جانب سے پاکستان ٹیم کے کپتان عبدالحسیم خان اور عمران خان نے دو دو جبکہ شاہ زیب نے ایک گول اسکور کیا جبکہ ٹی اینڈ ٹی کی جانب سے مدثر ،عاصم اور فرحان نے ایک ایک گول اسکور کیا ۔دوسرے میچ میں بلدیہ ہاکی کلب نے رانا کلب کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا ۔فاتح ٹیم کی جانب سے راشد ،بلال ،حمزہ اور شہباز نے ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ رانا کلب کی جانب سے واحد گول نزاکت نے اسکور کیا ۔