• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی نے سندھ کو کچھ نہیں دیا، مزید صوبے بننے چاہئیں، مشرف

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویزمشرف نے جے آئی ٹی ممبران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام اراکین نے ایمانداری اور محنت سے کام کیا ، وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو لوٹنے اور اپنی تجوریاں بھرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، جھوٹے لوگ پاکستان پر مسلط ہیں ، قوم معاشی اوراخلاقی تباہی کی طرف بڑھتی جا رہی ہے۔

پاکستان کی کسی کو پرواہ نہیں ، عوام غربت اور قرضوں کے بوجھ تلے دبتے جا رہے ہیں ۔ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے ، دنیا مکافات عمل ہے ، وہ جھوٹوں کو دنیا میں بھی ذلیل اور رسوا کرتا ہے۔ توقع ہے جے آئی ٹی کی طرح عدالت بھی انصاف کے تقاضوں کو پورا کرے اور عوام کی امیدوں پر پورا اترے گی۔ دبئی میں پارٹی ورکرز سے بات چیت کرتے ہوئےپرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان میں مزید صوبے بننے چاہئیں تاکہ انتظامی مسائل حل ہو سکیں اور فیڈریشن مضبوط ہو۔ عمران خان باقی جماعتوں کو ساتھ ملائے اور سب سے پہلے پاکستان کے اصول کو مدنظر رکھے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ صرف دیانتدار اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو اپنی ذات اور خاندان سے پہلے پاکستان کے بارے میں سوچے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے میرے والدین نے تربیت میں سکھایا کہ کبھی حرام کے پاس نہیں جانا ۔ مجھے اپنی گزاری ہوئی پوری زندگی پر فخر ہے کہ کبھی ایک روپیہ بھی حرام نہیں کمایا۔ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم موڑسے گذر رہا ہے ، وقت آ گیا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ ساتھ تمام جماعتوں کے کرپٹ لوگوں کا احتساب کیا جائے ۔ پی پی پی نے سندھ کو کچھ نہیں دیا ، ملک کا پیسہ نکال کر پوری دنیا میں جائیدادیں بنائی ہیں ، ان سب کا احتساب ہونا چاہئے اور پاکستان کے عوام کا پیسہ ملک میں واپس آنا چاہئے۔

تازہ ترین