ملتان (سٹاف رپورٹر) کونسلرزاتحاد ضلع ملتان کا ایک خصوصی اجلاس اشتیاق بخاری کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں نومنتخب سرپرست اعلیٰ کونسلرز اتحاد پنجاب محمد یوسف انصاری، جنرل سیکرٹری محمد طفیل کھوکھر کے علاوہ سٹی چیئر مین عبد العزیز بوسن، سٹی صدر حافظ نذر روانی، یوسف ندیم، غلام اصغر ساہی، بلال آہیر، احسان قریشی اور طلحہٰ انصاری نے شرکت کی،ا جلاس کے موقع پر نومنتخب عہدیداران کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی ،اس موقع پر محمد یوسف انصاری نے کہا کہ وہ حق کا علم لے کر گھر سے نکلے تھے جس کی باعث کامیابیاں ان کا مقدر بن رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران مظلوم کونسلرز کی آواز کو دبا دینا چاہتے ہیں لیکن ان کی مسلسل جدوجہد اور ثابت قدمی نے واضح کر دیا ہے کہ اب بلدیاتی نظام کا اکائی کہلوانے والے کونسلرز کی آواز کو مزید نہیں دبایا جاسکتا،حکمران آئین میں کونسلروں کے حقوق کو غصب کرنے والے ظالمانہ ایکٹ میں ترمیم کرنے پر مجبور ہو جائیں گے،انہوں نے اس بات کا عندیہ بھی دیا کہ کونسلرز کی تنظیم کا مرحلہ وار دائرہ پورے پنجاب تک بڑھا دیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سٹی تنظیم کے زیر اہتمام عنقریب ایک بڑا کنونشن منعقد کیا جائے گا ، جس کی نگرانی سٹی چیئر مین ملک عبد العزیز بوسن کریں گے۔