اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی نے آئین اور قانون سے تجاوز کیا، اس کی رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے،وزیراعظم کے خلاف جعلی مقدمے کا مخبر اور جاسوس رشتہ نکلے، وزیراعظم عوام کی خاطر آخری دم تک یہ جنگ لڑیں گے، پاناما کیس اقامہ تک آگیا ہے.
انشاء اللہ وہ بھی ختم ہو جائیگا،نوازشریف کے اثاثے اورٹیکس ریٹرن ریکارڈ پر موجود ہے،جے آئی ٹی اگر کسی خفیہ جاسوس یا مخبر کو دستاویز بنانے (جنریٹ) کرنے کیلئے ہائر کرتی ہے تو آئین اور قانون اسکی اجازت نہیں دیتا، یہ وہ دستاویزات ہیں جن کی نہ کوئی تصدیق ہوئی نہ ہی ویریفکیشن ہوئی اورنہ ہی کو ئی سرٹیفکیشن ہے ، ان کی بنیاد پر رپورٹ تیار کی گئی،کسی بھی غیر ملکی حکومت سے براہ راست کوئی بھی کاغذ اور دستاویز حاصل نہیں کیا گیا‘ قطری وزیر خارجہ کے دورہ کا پاناما کیس سے کوئی تعلق نہیں، معمول کا دورہ ہے ۔
منگل کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ہے، جب وزیراعظم پیش ہوئے اس وقت ان کے سامنے یہ تمام دستاویزات، جو کہ جعلی اور غیر تصدیق شدہ ہیں، نہیں رکھی گئیں،اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ نواز شریف کیخلاف ایک مخبر اورخفیہ جاسوس، جو کہ بعد میں پتہ چلا کہ رشتے دار تھے.
انکے ذریعے وزیر اعظم کے خلاف جعلی کیس بنانے کی کوشش کی گئی، جولوگ عدلیہ کے سامنے کھڑے ہو کر جھوٹ بولتے ہیں اور جو چور شور مچا رہے ہیں انکی پٹیشن کو اور جے آئی ٹی کی رپورٹ کو سپریم کورٹ مسترد کرے گی‘ کسی کے بہتان لگانے پر، کسی کے جھوٹ پر اور کسی کے شک پر ان سے استعفیٰ نہیں مانگا جاسکتا ، وہ عوام کی خاطر آخری دم تک یہ جنگ لڑیں گے اور پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ سے سرخرو ہوں گے کیونکہ ان کے پیچھے عوام کے ووٹ کی طاقت ہے‘سال 2018 میں عوام کے ووٹ کی طاقت سے ایک بار پھر محمد نواز شریف وزیراعظم بنیں گے۔