امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ وکلا کا ہیر پھیر کاغذ کی کشتی کو ڈوبنے سے نہیں بچا سکتا ، اسحاق ڈار قوم سے ٹیکس مانگتے رہے اور خود ٹیکس جمع نہیں کرایا ، جس دن سے یہ اقتدار میں آئے ،ان کے کاروبار اور اثاثے بڑھنے لگے ۔
پاناما کیس کی سماعت ملتوی ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کی سماعت کے دوران آج بھی شریف خاندان کے وکلا کے پاس کوئی دلائل نہیں تھے تاہم وزیراعظم کو بھولا بھالا کر کے پیش کیا جارہا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ آج عدالتیں آزاد ہیں اور پوری قوم سپریم کورٹ کی پشت پر ہے، کیا پاکستان میں آئندہ جمہور یت کی حکمرانی ہوگی یا بادشاہت کی اس کا پتا چل جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے قوم کے خزانے کو خالی کردیا ہے جب کہ پاناما کیس میں شریف خاندان کے وکلا کمزور کیس پیش کر رہے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کیس ایک ہفتے میں مکمل ہو اور قوم کو جلد خوشخبری ملے، اگر آرٹیکل 62 اور 63 کی روشنی میں پاناما کیس کا فیصلہ آیا تو یہ لوگ نااہل ہوجائیں گے۔