• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا اڈیالا جیل میں گھر تیار ہورہا ہے، عمران خان

Nawaz Sharifs House Being Built In Adiala Jail Imran Khan

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف! دھمکیوں کا وقت چلا گیا، ہم وزیراعظم کا استعفیٰ نہیں مانگ رہے، اب یہ بات نہیں ہورہی کہ آپ کو نااہل کیا جائے گا،آپ کا تو اڈیالا جیل میں گھر تیار ہورہا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آج مخالفانہ نعرے چھپانے کے لیے وزیراعظم کی ریکارڈڈ تقریر چلوائی گئی، احتساب نہ ماننے کی بات کر کے نواز شریف دھمکیاں دے رہے ہیں، انہیں غلط فہمی ہوگئی ہے کہ وہ مغلِ اعظم ہیں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ احساس ہے کہ آج کل نواز شریف کے لیے پبلک میں جانا مشکل ہے،مجھے سمجھ نہیں آئی نواز شریف نے دھمکی کیا دی ہے، یہ مجھے بھی دھمکی ہے اور سپریم کورٹ کو بھی کہ وہ انصاف کو نہیں مانتے،پاناما کاانکشاف سازش نہیں تھی، یہ انکشاف ہم نے نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بار بار عوام سے کہا وہ احتساب کے لیے تیار ہیں، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی ان کی مدد کےلیے بنائی کہ اور کوئی ثبوت تو لے آئیں، ان کے پاس کوئی دستاویز ہے ہی نہیں، جو دستاویز ہیں وہ جھوٹ ہیں، سپریم کورٹ میں حلف پرجھوٹ بولنے پر بھی سزا ہے۔

عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف کا تکبر ہے کہ کسی نے جرأت کیوں کرلی ان سے سوال کرنے کی، نواز شریف !آپ کے پاس وقت کم ہے، دھمکیوں سے کسی کو خوف نہیں، کہتےہیں الزام کیا ہے، آپ پر 12 کیسز تو نیب میں پڑے ہیں، آپ کا کاروبارہی کرپشن ہے، جو کمپنیاں بنا رکھی تھی وہ تو فراڈ تھا، ان کے نئے دستاویز پر ساری غلطیاں اور جعل سازی سامنے آگئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 99 میں جب مشرف نے ان کی حکومت ہٹائی تو لاہور میں مٹھائیاں بانٹی گئیں،یہ پنجاب پولیس اور پٹواری ہٹالیں اور پھر مجھے پبلک سڑکوں پر نکال کر دکھائیں، ہمیں سڑکوں پر آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی،قطری کے خط کی سپریم کورٹ نے دھجیاں اڑادیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف جو کھڑا ہوگا وہ آئین کی خلاف ورزی کرے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ میں استعفیٰ نہیں مانگ رہا، میں کہہ رہا ہوں آپ جیل میں جائیں گے،مجھے تو اس وقت یہ سب لوگ اڈیالہ جیل کے امیدوار لگ رہے ہیں، نواز شریف کوسڑک نظر نہ آئے تو وہ پرفارمنس سمجھتے ہی نہیں۔

تازہ ترین