• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کویت کا 15ایرانی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم

Todays Print

کراچی(نیوزڈیسک) کویت نے ایرانی سفیر سمیت15سفارت کاروں کو 48دنوں کے اندر اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔

ایرانی سفیر کو ثقافتی مشن کے ساتھ ساتھ دیگر دفاتر بند کرنے کا بھی کہہ دیا گیا جبکہ امریکا کا کہناہے کہ ایران دہشت گردی کی سرپرست ریاست بن چکی ہے،طالبان اور جہادی گروپ یعنی داعش و القاعدہ دہشت گردی کے مرکزی مجرم ہیں، ادھر روس نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف نئی امریکی پابندیاں بے بنیاد ہیں، امریکا خود ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہو رہا ہے۔

کویت کی نیوز ایجنسی کونا کے مطابق ایرانی سفیر کو ثقافتی مشن کے ساتھ ساتھ دیگر دفاتر بند کرنے کا بھی کہہ دیا گیا ہے، یہ فیصلہ ایرانی سفارت کاروں کے ایک دہشت گروپ کے ساتھ رابطوں کا پتہ چلنے کے بعد کیا گیا، ایران کے کویت میں فی الحال19سفارت کار موجود ہیں، یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب قطر اور عرب ملکوں کے مابین پہلے ہی سفارتی بحران جاری ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق گزشتہ برس عالمی سطح پر دہشت گردی کے واقعات اور ہلاکتوں میں کمی آئی ہے تاہم امریکا نے ایران کو دہشت گردی کی سرپرست ریاست قرار دیا ہے،دنیا بھر میں دہشت گردی کے حوالے سے ہر ملک کے سالانہ انفرادی جائزے کی ایک رپورٹ میں امریکی محکمہ خارجہ نے طالبان اور جہادی گروپوں داعش و القاعدہ کو دہشت گردی کا مرکزی مجرم قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق2015کے مقابلے میں گزشتہ برس مجموعی طور پر دہشت گردانہ حملوں میں 9فیصد جبکہ ان کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں میں 13فیصد کمی ہوئی۔امریکی محکمہ خارجہ میں انسداد دہشت گردی کے قائم مقام رابطہ کار جسٹن سبریل کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس دہشت گردی کے نصف سے زیادہ واقعات بھارت، پاکستان، عراق، فلپائن اور افغانستان میں ہوئے۔

رپورٹ میںایران کو با ضابطہ طور پر لبنان میں تحریک حزب اللہ کے لیے اس کی طویل حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے ’دہشت گردی کا اسپانسر‘ قرار دیا گیا ہے۔ امریکا نے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔

تازہ ترین