• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورنگی میں پولیس موبائل پر فائرنگ ،3اہلکار اور بچہ جاں بحق

Todays Print

کراچی(اسٹاف رپورٹر)دارالعلوم کورنگی کے قریب 3موٹرسائیکلوں پرسوار 6دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میںاے ایس آئی سمیت3پولیس اہلکار اور ایک بچہ جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا ، وزیر اعلیٰ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی،ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نےوزیر داخلہ کی ہدایت پر ایس ڈی پی او لانڈھی  او ر ایس ایچ او عوامی کالونی کو فوری معطل کر دیا جبکہ ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے کورنگی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دارالعلوم کورنگی کے قریب اسنیپ چیکنگ پر مامور پولیس موبائل پر نامعلوم دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 30سالہ اے ایس آئی قمرالدین، 34سالہ اہلکار بابرشاہ اور اہلکار امجد جبکہ 12سالہ راہگیر بچہ زاہد جا ں بحق ہوگئے جبکہ14سالہ بچہ محمد عابد زخمی ہوگیا ۔

جناح اسپتال کےایم ا یل او شیراز کے مطابق اے ایس آئی قمر کو 16جبکہ کا نسٹیبل بابر کو 11گولیاں لگیں ، وزیر اعلیٰ ، وزیر داخلہ ،آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ، اطلاعات کے مطابق اہلکاروں کی بلٹ پروف جیکٹس موبائل میں موجود تھیں ۔

انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق مذکورہ  واقعہ گزشتہ دنوںہونے والے سائٹ ایریا کے واقعہ سے مماثلت رکھتا ہے، ابتدائی طور پر 3 موٹر سا ئیکلو ں  پر 6 ملزمان سوار تھے، 3اقسام کا اسلحہ استعمال کیا گیا، دریںاثنا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے کہا کہ مجرموں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے ۔

ادھر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا ہے کہ آج کا اوقعے میںسائٹ اور بہادرآباد والا گروپ ملوث لگتا ہے،انھوں نے کہا کہ پولیس اہلکار ایس او پی کو فالو نہیں کررہے تھے ، غلام قادر تھیبو نے کہا کہ سینٹرل جیل سے بھی دہشتگرد فرار ہیں وہ بھی اس کلنگ میں ملوث ہو سکتے ہیں، سی ٹی ڈی نے بہت بہتر کام کیا ہے ، ایس ایچ او غلام فاروق کومعطل کر کے رحیم خان کو قائمقام ایس ایچ او عوامی کالونی تعینات کر دیا، دوسری جانب ڈی جی رینجرز نے کہا ہے کہ اس طرح کے حملے سیکورٹی فورسز کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے ،واقعے میں ملوث ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔

تازہ ترین